• news

سیاسی جماعتیں الیکشن 2018ءکی تیاری کریں، کسی چیز کو گرانا انقلاب نہیں: احسن اقبال

لاہور(کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ریفارمزپروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو 2018ءکے عام انتخابات کیلئے تیاری کرنی چاہئے،انتخابی اصلاحات کیلئے پیکیج بھی جلد مکمل ہو نا چاہئے ،کسی چیز کو گرانے کا نام انقلاب نہیں ہے، سسٹم کا چلتے رہنا ہی بہترین انقلاب ہے،کرپشن کسی بھی سوسائٹی کیلئے بڑا ناسور ہے، ملک میں 35 سال تک مارشل لاءرہا لیکن جب مارشل لاءختم ہوا تو کرپشن پہلے سے بھی زیادہ تھی،حکومت نے 3برس میں تعلیم پر 215ارب روپے خرچ کئے ،2018ءتک 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ ”موونگ ٹو ورڈز پراگریس پاکستان“کے موضوع پر نشست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، ہمیں ملکی اداروں اور اعلیٰ عدلیہ پر اعتماد ہونا چاہئے،کوئی بھی شخص کسی بھی ادارے سے بڑا نہیں ہوسکتا۔ اداروں کے ذریعے ہی دیکھنا چاہئے کہ کون سچا ہے اور کون جھوٹا۔ نواز شریف نے سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ باقی سیاسی جماعتوں کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی رول آف لاءپر یقین رکھنا چاہئے اور معاملات قانون کے ذریعے ہی حل کرنے چاہئےں جبکہ پیپلز پارٹی کو سمجھنا چاہئے کہ سب کا اس بات پر اتفاق ہے۔پانامہ لیکس کے مسئلہ کو بھی قانون کی حکمرانی کے ذریعے ہی حل کریں گے۔ عوام موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری دیکھنا چاہتے ہیں۔ دنیا میں آئیڈیاز کی کشمکش رہتی ہے ،مباحثوں کا ہر ملک اور معاشرے کو سامنا کرنا پڑتا ہے ،جمہوریت پر چلتے رہنے سے امن اور ترقی ممکن ہے۔ موجودہ دور میں اکنامک مشین بننے کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال

ای پیپر-دی نیشن