• news

ایاز صادق کی ملاقات: دھرنا سازش ناکام بنا کر عوام نے ثابت کر دیا کسی کو ملکی سیاست کھوٹی نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گذشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ باشعور عوام نے اپنے مثبت طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ اب کسی کو ذاتی مفادات کیلئے پاکستان کی قسمت کھوٹی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شفافیت، دیانت، امانت اور خدمت کی سیاست کے سامنے الزام تراشی، انتشار، افراتفری اور جھوٹ کی منفی سیاست کو مات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قوم تخریبی سیاست کرنے والو ںکے چہروں اور ان کے عزائم کو پہچان چکی ہے۔ دھرنا پارٹی کی ترقی اور خوشحالی کے تیز سفر کو روکنے کی ناپاک سازش عوام نے ناکام بنائی اور انتشار کی سیاست سے یکسر لاتعلق رہے۔ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں کے پیچھے دراصل ملک کی تیزرفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خوف تھا۔ دھرنا گروپ خوفزدہ ہے کہ اگر ملک میں جاری عوامی فلاح و بہبود اور توانائی کے منصوبے مکمل ہوگئے تو ان کی ذاتی مفادات کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان سے جہالت، بے روزگاری اورمایوسی کے اندھیرے چھٹ جانے کا وقت آگیا ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور ملک کی ترقی و خوشحالی کاضامن ہے۔ سی پیک کے تحت 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری صرف توانائی کے منصوبوں میں کی جارہی ہے اور توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک روشن ہوگا اور اندھیرے چھٹ جائیں گے جس سے گزشتہ کئی برس سے لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا قوم کو راحت ملے گی۔ سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی تکمیل سے تجارتی ،معاشی اورسماجی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف جس محنت کے ساتھ عوام کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں اس کی مثال نہیں ملتی اور موجودہحکومت نے شفافیت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے مختلف امور پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کا صاف پانی نہ صرف شہریوں کا بنیادی حق بلکہ ان کی اولین ضرورت بھی ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم پروگرام کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے جڑا ہے اور اس پروگرام کے تحت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے نجات ملے گی۔ مفاد عامہ کے اس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنا ہوگا۔ صاف پانی کے منصوبے سے متعلق شفاف طریقے سے منتخب کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن