• news

زہر آلود دھند کی شدت میں کمی، ٹریفک حادثات میں مزید3 افراد جاں بحق

لاہور+ نئی دہلی+ بیجنگ (نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور اور گردونواح میں چار روز کے بعد مطلع قدرے صاف ہوگیا اور زہرآلود دھند کی شدت میں کمی آئی جس پر شہریوں نے بھی سکون کا سانس لیا جبکہ دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں مزید 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ بھارت نئی دہلی میں گزشتہ روز سکولوں کے طلبہ اور ان کے والدین نے زہرآلود دھند اور فضائی آلودگی کیخلاف ماسک پہن کر احتجاج کیا۔ لاہور اور گردونواح میں صبح سویرے دھوپ نکلتے ہی پارہ بھی قدرے چڑھ گیا تاہم پنجاب کے دیگر میدانی علاقوں میں صورتحال ابھی تک جوں کی توں ہے۔ یہ سلسلہ آئندہ ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ نومبر اور دسمبر میں بارشیں معمول سے کم ہوں گی، ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سموگ کے اثرات سے بچنے کیلئے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں کے دوران صبح اور شام کے اوقات میں فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ملتان، بہاولپور اور سکھر ڈویژن میں سموگ اور دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں زہرآلود دھند کی شدت کم ہونے سے موٹروے کے تمام سیکشن کھل گئے۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو پر لاہور سے کوٹ مومن تک حد نگاہ 300 میٹر جبکہ موٹروے ایم 3 پر فیصل آباد سے گوجرہ تک حدِ نگاہ 300 میٹر اور موٹروے ایم فور پر گوجرا سے ملتان تک حدِ نگاہ 300 میٹر سے زائد رہی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے جنوبی علاقوں میں سموگ اور زہر آلود دھند کا سلسلہ مزید 2 سے 3 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ بونگہ حیات روڈ پر دھند کے باعث موٹر سائیکل گدھا ریڑھی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں افضل جاں بحق اور اسکی والدہ زینب اور بچی سکینہ زخمی ہوگئیں، کوٹ اللہ دین اور مراد کے کاٹھیا میں موٹر سائیکلوں کی ٹکر کے نتیجہ میں کمسن بچہ نصیر جاں بحق ہوگیا جبکہ ریاض اور عمران وغیرہ 3افراد زخمی ہو گئے، ساہیوال ملتان روڈ پر ٹرک اور کار کے حادثہ میں زخمی ہو نے والا ڈرائیور غلام نبی بھی دم توڑ گیا۔شورکوٹ چھاؤنی سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث ریلوے پھاٹک پر 2 ٹرالر اُلٹ گئے جس سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے باعث فیصل آباد ملتان سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت کچھ دیر معطل رہی۔ شدید دھند کے باعث صبح سویرے 312 پھاٹک پر مزدا ٹرک نمبر LEI-4555 پھاٹک سے ٹکرا گیا جس سے ڈرائیور تنویر مسیح اور ہیلپر پطرس مسیح زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ٹرک سے نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ منتقل کر دیا گیا اور ٹریک سے ٹرک کو ہٹا کر ٹریک بحال کر دیا گیا۔ دوسری ریلوے لائن جھنگ والے پھاٹک پر تیز رفتار ٹرالر TLZ-016 ٹکرا گیا جس سے ڈرائیور محمد شریف معمولی زخمی ہوا۔ ریلوے چوکی پولیس نے محمد شریف کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ اے این این کے مطابق بھارت کے دارالحکومت دہلی میں آلودگی کی سطح میں اس قدر اضافہ ہوگیا ہے کہ فضا میں کثافت اور سموگ کے سبب دہلی میونسپل کارپوریشن کے زیرانتظام چلنے والے 1700 سے زیادہ سرکاری سکول بند رہے۔ جبکہ بچوں کوسموگ کے اثرات سے بچانے کیلئے سکول 3 روز کیلئے بند کر دیئے گئے جبکہ تعمیراتی کاموں پر بھی5 روز کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دریں اثنا دہلی کے علاقہ جنتر منتر پر گزشتہ روز سکول کے طلبہ و طالبات اور انکے والدین نے ماسک لگا کر عوام میں آلودگی کے متعلق بیداری پیدا کرنے اور آلودگی کی سطح میں اضافے کیخلاف مظاہرہ کیا ہے جبکہ دہلی میں ہونیوالے کرکٹ ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی کے دو میچوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ کھلاڑیوں کی شکایت ہے کہ آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ علاوہ ازیں دہلی کے علاقہ جنتر منتر میں سکول طلبہ اور انکے والدین نے ماسک لگا کر عوام میں آلودگی کے متعلق بیداری پیدا کرنے اور آلودگی کی سطح میں اضافے کیخلاف مظاہرہ کیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آلودگی کم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کو اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انکے مطابق پڑوسی ریاست ہریانہ اور پنجاب سے بڑے پیمانے میں کھیتوں میں جلائے جانے والے کوڑے کے ذرات بڑے پیمانے پر دہلی کی آب و ہوا میں داخل ہو رہے ہیں۔ بیجنگ سے آئی این پی کے مطابق چینی محکمہ موسمیات نے شمالی چین میں شدید سموگ کے باعث زرد الرٹ جاری کردیا ہے، چین کے شمالی اورمشرقی علاقوں میں 6 لاکھ 30 ہزار مربع کلومیٹر جبکہ شمالی علاقوں میں 3 لاکھ 80 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ اس سے متاثر ہوگا، سات صوبے اور ان کی میونسپلٹیاں دھند کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی چین میں تین روز تک سموگ جاری رہنے کا امکان ہے۔ حد نگاہ کم ہونے کے باعث متعدد پروازیں بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر منسوخ کرنا پڑی ہیں۔ علاوہ ازیں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بھی سموگ سے پریشان ہو گیا۔ حکومت نے بچوں کوسموگ کے اثرات سے بچانے کیلئے سکول تین دن کیلئے بند کردیئے جبکہ تعمیراتی کاموں پر بھی 5 روزکیلئے پابندی عائد کر دی گئیں۔ اسکیعلاوہ دسدن کیلئے پاور پلانٹ بند کر دیئیگئے۔ نئی دہلی حکومت نے ہنگامی فیصلے کرتے ہوئے کچرا جلانے پربھی پابندی عائد کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن