• news

رائیونڈ: اکبر بگٹی ایکسپریس کھلے پھاٹک پر کرین سے ٹکرا گئی‘ ڈرائیور سمیت 3زخمی

لاہور/رائے ونڈ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) لاہور سے کوئٹہ جانیوالی اکبر بگٹی ایکسپریس کھلے پھاٹک پر کرین سے ٹکرا گئی، انجن ڈرائیور محمد حنیف اور فائر مین انجم اور ایک مسافر شدید زخمی ہوگئے۔ کرین ڈرائیور فرار ہوگیا، تفصیلات کے مطابق تبلیغی اجتماع کی وجہ سے اکبر بگٹی ایکسپریس کو فیصل آباد کی بجائے رائے ونڈ خانیوال روٹ سے گزارا جا رہا تھا، اتوار کی شام ٹرین جیابگا ریلوے پھاٹک پر پہنچی جہاں کرین ڈرائیور پھاٹک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا لیکن اس دوران ٹرین پہنچ گئی اور خوفناک دھماکے کیساتھ ٹکرا گئی گاڑی میں سوار مسافروں کی چیخیں نکل گئیں، کرین تیز رفتاری کے باعث ٹرین کی بوگی نمبر 3سے ٹکرا گئی جہاں مسافروں کی تعداد کم تھی اکبر ایکسپریس میں رائے ونڈ سے ایک ہزار کے قریب مسافروں نے سوار ہونا تھا خوش قسمتی سے ٹرین میں مسافر نہ ہونے سے جانی نقصان نہیں ہوا ٹرین ڈرائیور محمد حنیف، فائر مین انجم حسین کو شدید زخمی حالت میں لاہور جنرل ہسپتال ریفر کردیا گیا سٹی پولیس کرین ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی نیا انجن منگوا کر ٹرین کو رائے ونڈ کیلئے روانہ کردیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ اجتماع میںرائے ونڈ سٹیشن پر کوئٹہ سے آنیوالی سپیشل ٹرین کے خالی بوگیوںمیں آگ لگ گئی تھی۔کراچی سے لاہور آنے والی گرین لائن ایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اتر گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ ٹرین کو متبادل انجن لگا کر روانہ کر دیا گیا۔ انجن حیدرآباد ریلوے سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اترا۔

ای پیپر-دی نیشن