دھرنے میں شرکت‘ مسلم لیگ ن کا سپیکر خیبر پی کے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان
پشاور(صباح نیوز)مسلم لیگ ن نے خیبر پی کے کے سپیکر اسد قیصر کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نے کہا ہے کہ سپیکر اسد قیصر کو بلامقابلہ منتخب کیا تھا لیکن وہ مظاہرے میں شرکت کر کے غیرجانبدار نہیں رہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن صرف وفاق میں ہی مدمقابل نہیں بلکہ اب کچھ ایسی ہی صورتحال خیبرپی کے میں بھی بن گئی۔ مسلم لیگ ن وفاقی حکومت کے خلاف کئے جانے والے مظاہرے میں سپیکر خیبرپی کے اسمبلی کی شرکت پر سخت برہم ہے۔ جنہوں نے نہ صرف صوابی انٹرچینج کے قریب وزیراعلی پرویز خٹک کے ساتھ مل کر دھرنے کے لئے جانے والے قافلے کی سربراہی کی بلکہ یوم تشکر ریلی میں وزیراعظم کے خلاف کھٹی میٹھی باتیں بھی کیں۔ ہم نے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیکر کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت جاری ہے اور امکان ہے کہ سڑکوں پر لڑی جانے والی یہ لڑائی اب قانونی جنگ میں تبدیل ہو جائے گی۔