بھارتی فورسز کی پھر گولہ باری، فائرنگ ،6 شہری زخمی، پاک فوج کا بھرپور جواب
اسلام آباد+ ہجیرہ+ تتہ پانی (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران) بھارتی فوج کی طرف سے ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے اتوار کے روز کنٹرول لائن پر بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور گولہ باری کی گئی جو دوپہر تک جاری رہی جس کے نتیجے میں 4 افراد عبدالمجید ، قادر، ساجد ہ پروین اور شمیم اختر زخمی ہوگئے۔ ہجیرہ، تتہ پانی سے نامہ نگاران کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے سول آبادی پر فائرنگ اورگولہ باری کی گئی جس سے 2 خواتین سمیت 6 شہری زخمی جبکہ، درجنوں مکانات تباہ ہوگئے ۔ بھارتی فوج بٹل، مدار پور روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کو براہ راست نشانہ بناتی رہی، بھارت افواج میں جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب بھارتی فوج نے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی،پاک فوج کی جوابی کارروائی کے دوران دشمن کے 3 مورچے تباہ ہوگئے۔ پونچھ لائن آف کنٹرول بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج نے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بٹل، مدارپور، دھرمسال، منڈھول کی سول آباد ی پر فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں سعیدہ کوثر زوجہ محمد پرویز، شمیم اختر زوجہ معروف حسین شاہ، محمد قادر ولد محمد عظیم، محمد عباس ولد محمد حسین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو کوٹلی ہسپتال میں ریفر کر دیا گیا جہاں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ بٹل دھرمسال اور منڈھول میں گولہ باری سے محمد رئیس، محمد عباس، محمد صدیق، محمد نذیر، راجہ سدھیر، ماسٹر سفیر، سردار ایوب، راجہ زبیر، راجہ ریاض سمیت کئی افراد کے مکانات تباہ ہوگئے۔ مدارپور میں بس اور ٹیوٹا ہائی ایس کو بھارتی فائرنگ سے جزوی نقصان پہنچا جبکہ حاجی محمد وحید انور آف مدارپور کے گھر کے قریب گولہ گرنے سے انکی کار تباہ ہوگئی اور مکان کو جزوی نقصان پہنچا،بھارتی فوج کی فائرنگ سے رکڑ، منڈھول ، ناطر، دھرمسال، مدارپور، سہر، جھاوڑہ، تیتری نوٹ کے علاقوں میں آمدورفت مکمل طور پر بند ہوگئی۔ 8 گھنٹوں تک جاری رہنے والی گولہ باری اور فائرنگ سے کنٹرول لائن کے رہائشی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ آخری اطلاعا ت تک فائر نگ اور گولہ باری کو سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پاک فوج کی کارروائی سے بی ایس ایف کو بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے باعث کئی گھنٹے تک لائن آف کنٹرول کے علاقے دھماکوں سے گونجتے رہے۔ اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج نے الزام لگایا کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کے تبادلہ میں اسکے 2 فوجی مارے گئے۔ ایک فوجی اس وقت مارا گیا جب بھارت نے پاکستانی دراندازوںکوواپس دھکیلا۔ بھارت نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بٹل سیکٹر میں کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے بھرپور جوابدیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے آج صبح بٹل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی، پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھر پور جواب دیا۔