بار بار لگنے والے مارشل لاء نے سیاستدانوں کوکرپٹ کیا: خورشید شاہ
لاڑکانہ(نیٹ نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاستدانوںکو بار بار لگنے والے مارشل لاء نے کرپٹ کیا۔ بے نظیر بھٹو سے متعلق منعقد کی جانے والی کانفرنس کے ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر ایک شہری کو برابری کی بنیاد پر حقوق حاصل ہوں مگر یہاں چھوٹے صوبوں سے برابری کا سلوک نہیں کیا جارہا ہے، ہمیں مستقل مزاجی کی ضرورت ہے لیکن افسوس کہ یہاں پالیسیوں کے حوالے سے مستقل مزاجی نہیں پائی جا رہی۔ اس کے نتیجے میں معاملات بہتر انداز سے آگے نہیں بڑھ رہے۔ بعض معاملات میں حکومت نے اپنی کارکردگی بہتر نہیں بنائی۔ اس وقت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 38 ڈالرفی بیرل ہے مگر حکومت اس پر بھی پٹرول کے نرخ خاطر خواہ حد تک نیچے نہیں لا رہی۔