• news

شربت گلہ کو ملک بدر نہ کیا جائے خیبرپی کے حکومت کا وفاق کو باضابطہ خط

پشاور(اے این این) خیبرپی کے حکومت نے پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ بنانے والی افغان خاتون مونا لیزا شربت گلہ کو فوری طور پر ملک بدر نہ کرنے کے لئے وفاق کو باضابطہ خط لکھا ہے۔ جس میں درخواست کی گئی کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والی افغان خاتون شربت گلہ کو فوری طور پر ملک بدرنہ کیا جائے۔ خیبرپی کے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ انسانی ہمدردی اورافغان عوام کے ساتھ خیرسگالی کے طورپر کیا گیا ہے جب کہ وزیراعلی پرویزخٹک نے شربت گلہ کو علاج و معالجے کی مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔یہ خط محکمہ داخلہ کے پی کے نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر وقاقی وزارت داخلہ کو ارسال کیا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شربت گلہ کو ملک بدر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذاء اسے فوری بے دخل نہ کیا جائے ۔ادھر تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپی کے کو شربت گلہ کو فوری طور پر ڈی پورٹ نہ کرنے کی درخواست کی تھی جس پرصوبائی محکمہ داخلہ نے افغان خاتون کو ڈی پورٹ کرنے کے احکامات پرعمل درآمد روک دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن