• news

قائد اعظم ٹرافی ‘ناقص امپائرنگ کرنیوالو ں کیخلاف کارروائی پر غور

لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) قائداعظم ٹرافی میں ملک بھر میں ناقص امپائرنگ کی شکایات پر پاکستان کرکٹ بورڈ غیر معیاری امپائرنگ کرنیوالے امپائروں کیخلاف کارروائی پر غور کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں امپائروں کے غلط فیصلوں کیوجہ سے خاصی شکایات سامنے آئی ہیں اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے راونڈ کے سلسلے میں اسلام آباد اور پشاور ریجن کے مابین کھیلے جانیوالے میچ میں بھی ناقص اور غیر معیاری امپائرنگ نے کھیل میں انصاف کے شعبے کو مشکوک بنا دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ کے ہیڈ کوارٹر اور براہ راست دکھائے جانیوالے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں سینئر امپائر طاہر شاہ کیطرف سے فاش غلطیوں نے امپائرنگ کے معیار کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ امپائر طاہر شاہ نے واضح طور پر نظر آنیوالی قانونی گیند کو نوبال قرار دیا جبکہ ایک اہم کھلاڑی کو غلط ایل بی ڈبلیو بھی آوٹ دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر معیاری امپائرنگ کرنیوالے امپائروں کے خلاف ملنے والی شکایات کا جائزہ لینے اور مکمل رپورٹس کے بعد امپائروں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایلیٹ پینل میں دو درجن سے زائد امپائر شامل ہیں ان امپائروں کی اکثریت کے خلاف خراب امپائرنگ کی بڑی تعداد میں شکایات معمول بن چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امپائروں کے خراب رویے کے بارے میں مختلف کھلاڑی کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کو زبانی بھی شکایات کر چکے ہیں۔ دوسری طرف پچوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے بھی کرکٹ بورڈ پر دباو بڑھ رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن