• news

جونیئر ٹیم کی کارکردگی کا کریڈٹ کھلاڑیوں‘ ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے: شہباز سینئر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر کا کہنا ہے کہ قومی جونیئر ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے جس کا کریڈٹ کھلاڑیوں کی محنت اور ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جونیئر ٹیم کا اصل امتحان رواں سال بھارت میں منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ ہے جس کی تیاری کا بھرپور موقع ملا ہے۔ شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی جونیئر ٹیم سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا ہے جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم نے جب سے فیڈریشن کا چارج سنبھالا ہے جونیئر ہاکی پر توجہ دی ہے کیونکہ یہی پاکستان ہاکی کا مستقبل ہے۔ گراس روٹ لیول پر ہاکی کو ترقی دی جا ریہ ہے تاکہ پاکستان کے قومی کھیل کا مستقبل روشن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی واپسی پر ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ملکر جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے کیمپ لگایا جائے گا جو خامیاں اس ٹورنامنٹ میں سامنے آئی ہیں تاکہ انہیں دور کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن