• news

کشمیر سمیت تمام مسائل پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے خواہاں ہیں‘ بھارت کوششوں کا مثبت جواب دے: عبدالباسط

نئی دہلی (آن لائن) بھارت پاکستان کے درمیان مذاکرات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے نئی دہلی میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ خطے میں تب تک امن ، ترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا ۔ جب تک جوہری طاقتوں کے التواء میں درمیان پڑے مسائل کو حل کرنے کے لئے سنجیدگی کا مطاہرہ کیا جائے ۔ نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کا جواب دیتے ہائی کمشنر عبدالباسط نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ایک دہائی کی مدت سے اس وقت بھارت پاکستان کے مابین شدید نوعیت کے اختلافات ہیں سرحدیں آگ اگل رہی ہیں سفارتی آداب کا پاس و لحاظ نہیں رکھا جا رہا۔ دیرینہ اور پیچیدہ مسائل کو مسلسل التواء میں ڈالا جا رہا ہے بیان بازی نے سنگین رخ اختیار کیا ہے جس کے نتیجے میں کشیدگی اور تنائو کے ماحول میں حد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ خطے میں بھارت پاکستان کے درمیان مذاکرات کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ۔ جنگ کو تباہی و بربادی کا ضامن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں دونوں ممالک نے جنگیں لڑیں اور حاصل کچھ نہیں ہوا۔ ہمارا مک بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر کھلے دل سے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں ہے۔ ہم بھارت کے ساتھ دوستی اور رشتوں کو مضبوط و مستحکم بنانے کے حق میں ہیں تاہم اب یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دے اور بھارت بات چیت کا راستہ اختیار کر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے راستے ڈھونڈنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کوئی بھی مرکزی حکومت اپنی اندرونی صورت حال کا پہلے جائزہ نہیں لیتی بلکہ پاکستان پر الزامات لگانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔

ای پیپر-دی نیشن