ترکی میں آزادی صحافت کے لئے مظاہرے، پولیس کی مظاہرین پر شیلنگ
انقرہ(این این آئی) ترکی میں آزادی صحافت کی خاطر نکالی جانے والی ایک ریلی میں شامل مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے شیل برسائے جبکہ ساتھ ہی تیز دھار پانی کا استعمال بھی کیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک شہر استنبول میں تقریبا ایک ہزار افراد نے آزادی صحافت کے لیے منعقدہ ایک احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا، جب ترک حکام نے روزنامہ ’جمہوریت‘ کے نو اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ طور پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ ترک صدر کے سیاسی مخالف فتح اللہ گولن کے حامی ہیں، جو ترک حکومت کے مطابق جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ جب ان مظاہرین نے روزنامہ ’جمہوریت‘ کے دفتر کے قریب جانے کی کوشش کی تو سکیورٹی فورسز نے طاقت کا بے جا استعمال کیا۔ خبر رساں اداروں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے شیل برسائے اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا تا کہ مظاہرین کو منشتر کیا جا سکے۔