• news

مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے: برجیس طاہر

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی اور فروغ وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیر کو انہوں نے یہ بات آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سید افتخار گیلانی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم کے شعبے کی اہمیت سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف آزادکشمیر میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، سیاحت ،تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزادکشمیرنے انتخابات کے موقع پر اپنے منشور میں تعلیم کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی انہوں نے ایل او سی پر رہائش پذیر آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے سامنے اُن کی بہادری اور حوصلہ قابل تحسین ہے اور پوری پاکستانی اور کشمیری عوام اپنے ایل او سی پر رہنے والے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارتی جارحیت اور ظالمانہ کاروائیوں سے مرعوب ہوئے بغیر اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی بھرپور اخلاقی ،سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن