• news

ایکنک نے توانائی‘ صحت سمیت مغربی روٹ کے 2 منصوبوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس ہوا جس میں توانائی، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت پنجاب میں صحت منصوبوں، مغربی روٹ کی تعمیر کے لیے ایک کھرب 22ارب18کروڑ 10لاکھ روپے کے دو اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں میں برہان، ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹروے کی تعمیر، زمین کے حصول، متاثرہ جائیدادوں کے لیے معاوضے اور تنصیبات کو دوسری جگہ منتقل کرنا شامل ہیں۔ اجلاس میں میرپور خاص سے 220 کلوواٹ ٹرانسمشن لائن بچھانے کی منظوری دیدی گئی۔ منصوبے پر 3.86 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ٹرانسمشن لائن کا منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا۔ میرپور خاص، میرواہ گورچانی، سلطان آباد، سانگھڑ، ٹنڈو جام کو بجلی سپلائی بہترہوگی۔ مٹیاری اور لاہور کے درمیان 500 کلوواٹ ٹرانسمشن لائن بچھانے کی بھی منظوری دیدی گئی جس پر 2.62 ارب روپے لاگت آئے گی۔ یہ ٹرانسمشن لائن دو سال میں مکمل ہوگی۔ ڈی آئی خان اور ژوب کے درمیان ٹرانسمشن لائن کی منظوری بھی دی گئی جس پر 6.88 ارب روپے لاگت آئے گی۔ برہان ہکلہ موٹروے کے متاثرین کیلئے 7.5 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ بچوں کو ویکسین پلانے کے 22.26 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری بھی دیدی گئی۔ ایکنک نے پنجاب میں حفاظتی ٹیکہ جات کے منصوبے پر غور کرنے کے بعد اس کی منظوری دی اس کے تحت بچوں کو نو بیماریوں کی ویکسین پلائی جائے گی۔ اس منصوبے سے زچہ بچہ کی صحت کے حوالے سے وژن 2025اور گیارہویں پانچ سالہ منصوبے پر عملدرآمد میں مدد ملے گی اور پنجاب میں بچوں کی صحت کی صورتحال بہتر ہو سکے گی۔ برہان، ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹروے منصوبے کے تحت 7496ایکڑ زمین حاصل کی جائے گی جو راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کے حصے کے طور پر 285کلومیٹر چار رویہ ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے استعمال ہو گی اس منصوبے پر مجموعی طور پر 11ارب 97کروڑ 30لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ اس مجوزہ روڈ کا اعلان 28مئی 2015کو ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں کالا شاہ کاکو سے لاہور رنگ روڈ تک ہائی وے کی تعمیر کے لیے جس میں دریائے راوی پر مشرقی بائی پاس کے قریب پل کی تعمیر بھی شامل ہے، زمین کے حصول، متاثرین کے معاوضہ جات اور تنصیبات کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی اس منصوبے پر مجموعی طور پر 10ارب 48کروڑ 60لاکھ روپے لاگت آئے گی منصوبے کے تحت چھ رویہ 18.3کلومیٹر کیرج وے کی تعمیر کے لیے 952ایکڑ زمین، دریائے راوی پر نئے پل کی تعمیر اور دوسرا سٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن