سبزہ زار میں لڑکی کی خودکشی، اسلام آباد :11 سالہ بچے نے پھندا لے لیا
لاہور، فیروزوالہ (نامہ نگار) سبزہ زار کے علاقے میں 22 سالہ لڑکی نے نامعلوم وجوہات پر پنکھے سے رسی لٹکا کرگلے میں پھندا لیکر خودکشی کرلی ہے۔ قاضی ٹائون کے محمد لطیف نامی شخص کی 22 سالہ بیٹی انیزہ کی گھر میں کمرے میں پنکھے کے ساتھ لٹکی نعش ملی۔ اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع کی جس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی۔ ورثاء کے مطابق انیزہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کی ہے۔ ورثاء کی جانب سے کسی کارروائی اور پوسٹ مارٹم سے انکار پر پولیس نے نعش ورثا کے حوالے کردی۔ ایک اور واقعہ میں جی ٹی روڈ کی آبادی ریان پورہ میں گھریلوجھگڑے پر شادی شدہ خاتون شازیہ نے زہریلی گولیاں نگل لیں، اسے ہسپتال لیجایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں11 سالہ بچے نے خودکشی کرلی۔ علاقہ میرہ بیری کا اسد مدرسے میں پڑھتا تھا۔ والد کی طرف سے گھر جانے کی اجازت نہ ملنے پر اس نے گھر کے قریب ایک درخت سے پھندا لیکر زندگی ختم کرلی۔