گونگا نہیں لیکن غوث کی عزت کا خیال ہے: مخدوم مرید حسین، علماء ایم این اے کاظم شاہ پر تنقید
ملتان (نامہ نگار خصوصی) سابق گورنر پنجاب مخدوم سجاد حسین قریشی (مرحوم) کے صاحبزادے اور مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے چھوٹے بھائی مخدوم مرید حسین قریشی حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی کے عرس مبارک کی تقریبات سے الگ تھلگ رہنے کے بجائے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ دربار سیاست کیلئے نہیں۔ ہر لمحے سیاست نہیں چلے گی ہمیں مرشد نے جو جماعت غوثیہ دی تھی وہ ذکر اور فکر والی تھی۔ ہمارا کوئی سیاسی رشتہ نہیں‘ دینی رشتہ ہے۔ جماعت غوثیہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے نہ بہکو سٹیج پر تقریر کرنی مجھے بھی آتی ہے۔ مجھے غوث کی عزت کا خیال ہے، اس لئے خاموش تھا۔ گونگا نہیں ہوں میں جس خاندان سے ہوں سب کو گونگا کر سکتا ہوں۔ آج سٹیج پر عالم دین دیکھ رہا ہوں جو 60 سال سے غوث کی تعریف کر رہے ہیں کبھی مخدوم سجاد حسین قریشی کی تعریف نہیں کی۔ قبلہ کاظمی صاحب سے سوال ہے اپنے والد کے جنازے کی اطلاع میں نے دی جنازہ پڑھانے کی اجازت مجھ سے لی گئی لیکن برسی کے موقع پر ختم پڑھنے کوئی نہیں آیا۔ مولویو اپنی مرضی کا اسلام نہ بناؤ۔ عالم دین سے فتویٰ مانگتا ہوں مرنے والے کی ہر چیز تقسیم ہوتی ہے، مرنے والا جائیداد سے زیادہ مال چھوڑ جائے تو وہ کیسے تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ سے آئے رکن قومی اسمبلی کاظم علی شاہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تم مخدوم سجاد قریشی کی دستار سے کھیلنا چاہتے ہو۔ کھیلنے نہیں دونگا۔ میں نے جب زیادتیاں بتائیں تو پتہ چل جائے گا سٹیج پر کس شکل میں کون بیٹھتا ہے۔ سارے راز فاش کرنا میرے لئے مناسب نہیں لیکن آئندہ درباروں پر ذکر الٰہی ہو گا۔ اس کے علاوہ جو کچھ کرے گا میں اسے درباروں کا دشمن سمجھوں گا۔