مسلم لیگ (ن) دوبارہ کب جوائن کرونگا ابھی فیصلہ نہیں کیا: جاوید ہاشمی
جہانیاں (نامہ نگار) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پیدائشی مسلم لیگی ہوں مرنے کے بعد مسلم لیگی پرچم میں دفن کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کر چکا ہوں، مسلم لیگ ن دوبارہ کب جوائن کروں گا، ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ سی پیک منصوبے سے ایران، بھارت اور دیگر ملکوں کا جھکائو پاکستان کی جانب ہو گا، منصوبے سے اقتصادی ترقی کی راہیں کھلیں گی، ملک وسائل سے مالا مال ہے بدقسمتی سے اچھی لیڈر شپ میسر نہ ہو سکی ہے، اپنی کتاب میں ہلیری کلنٹن کے امریکی صدر بننے کی پیش گوئی کر چکا ہوں ان کی جیت کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحافیوںسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کی خبروں کا اخبارات سے علم ہوا ہے میں پیدائشی مسلم لیگی ہوں مسلم لیگ ہی میرا اوڑھنا بچھونا ہے یہی جماعت میری پہلی اور آخری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کو اتنا فائدہ نہیں ہے جتنا فائدہ چین کو ہوگا، بھارت کی مجبوری ہے اگر اس نے مزید ترقی کرنا ہے تو بھارت کو پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی پالیسی اختیار کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کا اعلان ہی غلط تھا جو انہوں نے بغیر مشاورت اور سوچے سمجھے کیا۔ پوری جماعت ان کے اس منصوبے کے خلاف تھی جبکہ ان کے یوٹرن لینے سے کارکن بھی مایوس ہوئے اور ان میں بددلی پھیلی ہے، پی ٹی آئی کے دوسرے لیڈر بھی مایوس ہو کر گھر بیٹھ گئے ہیں۔