دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کا کردار قابل تعریف ہر مشکل میں شانہ بشانہ ہونگے:سعودی ائیرچیف
راولپنڈی (صباح نیوز + آئی این پی) سعودی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل محمد بن صالح نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان سے ملاقاتیں کیں۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی فضائیہ کے سربراہ نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود سے باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے مسلح افواج میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کمانڈر رائل سعودی ائر فورس میجر جنرل محمد بن صالح نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ آئی این پی کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان سے سعودی فضائیہ کے سربراہ صالح العتیبی نے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سعودی فضائیہ کے سربراہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ رہے گا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق منگل کو رائل سعودی ائیر فورس کے سربراہ میجر جنرل محمد بن صالح العتیبی نے ائیر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ائیر ہیڈ کوارٹرز پر ائیر چیف سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند نے سعودی ائیر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ائیر چیف سہیل امان نے پرنسپل سٹاف افسروں کا معزز مہمان سے تعارف کرایا، دورے کے دوران ائیر چیف سہیل امان سے سعودی فضائیہ کے سربراہ محمد بن صالح العتیبی نے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سعودی فضائیہ کے سربراہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ اس موقع پر سہیل امان نے کہا کہ پاک سعودی فضائی افواج کے پیشہ ورانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب کو فوجی اور ہوا بازی کی تربیتی سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے۔