• news

بھارت: ایمبولینس کے پیسے نہ ہونے پر بھکاری ہاتھ ریڑھی پر بیوی کی نعش گھر لے گیا

تلنگانہ (آن لائن) بھارت میں حکمرانی کرنے والی مودی سرکار کیلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا تو عام سی بات ہے لیکن اب اس حکومت میں مُردوں کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔ بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک ہسپتال انتظامیہ نے انسانیت کی تذلیل کی مثال قائم کرتے ہوئے خاتون کی نعش گھر لے جانے کیلئے ایمبولینس دینے کے 5 ہزار روپے طلب کیے۔ رامولو نامی بھکاری اپنی بیوی کی نعش ہاتھ ریڑھی پر ڈال کر ہی گھر کو نکل پڑا لیکن رات میں راستہ بھٹک گیا اور ہسپتال سے 80کلو میٹر دور پہنچ گیا۔ بے بس اور لاچار شوہر بیچ راستے میں بیٹھا روتا رہا اور مدد کیلئے لوگوں کی منتیں کرنے لگا۔ اس شخص کی لاچارگی کو دیکھتے ہوئے مقامی پولیس نے ایمبولینس کا بندوبست کیا جس کے بعد اس کی بیوی کی نعش ایمبولینس میں ڈال کر گھر تک پہنچائی گئی۔ واضح رہے کہ مودی سرکار کے دعوئوں کے برعکس بھارت میں حالیہ دنوں میں اس قسم کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن