بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بھاری توپخانے سے گولہ باری‘ ایک دوسرے کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی
اسلام آباد/ مظفر آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر وادی نیلم کے دو سب سیکٹروں میں بھاری توپخانہ سے حالیہ کشیدگی میں پہلی بار گولہ باری کی ہے۔ دونوں ملکوں کے حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے دوران بھارت نے پہلی بار بھاری توپخانہ استعمال کیا ہے جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شاہکوٹ اور جوڑا سیکٹر میں توپخانہ سے گولہ باری کی جو کشیدگی کے اس عرصہ کے دوران توپخانہ کا پہلا استعمال بھی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے کیل سیکٹر میں فائرنگ بھی کی تاہم کسی جگہ سے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دریں اثناءپاکستان نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بدھ کے روز بھی بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے شدید احتجاج کیا۔ واضح رہے کہ انہیں منگل کے روز بھی دفتر خارجہ طلب کر کے اسی نوعیت کا احتجاج کیا گیا تھا۔ دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاءڈاکٹر محمد فیصل نے بدھ کے روز ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو اپنے دفتر طلب کرکے ان سے بھارت کی سکیورٹی فورسز کے 8 نومبر کو ایل او سی کے کھوئی رٹہ اور بٹل سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کی جس میں ایک دس سالہ بچی آمنہ سمیت سمیت4 شہری اشفاق، نعیم غازی اور کلثوم بی بی شہید جبکہ سات شہری زخمی ہوگئے تھے۔ احتجاجی مراسلے میں ڈی جی ساو¿تھ ایشیا نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003ءکے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، سیز فائر کی خلاف ورزی کے ان واقعات کی تحقیقات کرے اور بھارتی مسلح افواج سے کہے کہ جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں، دیہاتوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کریں، صورتحال مزید خراب ہوئی تو بھارت ذمہ دار ہوگااورو رکنگ باو¿نڈری و لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھیں۔یاد رہے کہ پاکستان نے چند دنوں میں 6 بار بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اب تک 222 مرتبہ بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس میں 184مرتبہ لائن آف کنٹرول اور 38 مرتبہ ورکنگ باو¿نڈری کی خلاف ورزیاں شامل ہیں جن کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 107زخمی ہوئے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نوشیرہ اور مچال سیکٹر پر فائرنگ سے ہمارے 3 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارتی فوج/ گولہ باری