شربت گلہ سے افغان صدر کی ملاقات‘ گھر اور دیگر سہولتیں دینے کا اعلان
کابل (آئی این پی) پاکستان سے ڈی پورٹ ہونے والی افغان خاتون شربت گلہ30 سال بعد اپنے وطن واپس پہنچ گئی جہاں افغان صدر اشرف غنی نے اہلخانہ سے استقبالیہ ملاقات کی اور رہائش بھی دیدی۔ افغان خبررساں ادارے’’ خامہ پریس ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق صدراشرف غنی نے شربت گلہ سے ملاقات کے دوران رہائش کے لیے ایک مکان کی چابی بھی پیش کی اور جنگ سے متاثر افغانیوں کی حالت زار پر دکھ کا اظہار کیا۔ اشرف غنی نے اس موقع پر کہا کہ افغان قوم اس وقت غیر مکمل ہے کیونکہ کئی باشندے تاحال ملک سے باہر پناہ گزین ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت افغان پناہ گزینوں کی واپسی اور خلا کو پر کرنے کے لیے راستہ ہموار کررہی ہے۔ شربت گلہ کی کفالت کے حوالے سے افغان صدر نے وعدہ کیا کہ حکومت شربت گلہ اور اس کے اہل خانہ کی رہائش سمیت تعلیم اور صحت کے معاملات کا خیال رکھے گی جبکہ انھوں نے متعلقہ حکام کو مدد کے احکامات جاری کر دئیے۔ واضح رہے 1985 میں نیشنل جیوگرافک میگزین کے صفحہ اول پر شائع تصویر کے بعد مونا لیزا کے نام سے شہرت پانے والی شربت گلہ کو گزشتہ روز پاکستانی حکام کی جانب سے طورخم بارڈر پر افغان سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کیا گیا تھا۔