• news

وزیراعظم آزاد کشمیر کا دورہ یورپی پارلیمنٹ، بھارتی مظالم کے ویڈیو ثبوت پیش، اکثر ممبران آبدیدہ

برسلز (این این آئی) وزیراعظم آزادجموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے یورپی پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین، بین الاقوامی ترقیاتی کمیٹی کی چئیرمین سمیت سات بااثر کمیٹیوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم یورپی پارلیمنٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کے مسئلہ پر انسانی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پرامن نہتے مظاہرین پر مہلک ہتھیار استعمال کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے مگر افسوس ابھی تک اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی ہے جس سے ایک ملین کی سویلین آبادی شدید خطرے میں آگئی۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مہذب اقوام کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ہمارا مطالبہ ہے یورپی یونین وہاں اپنا خصوصی مشن بھیجے اور یورپی پارلیمنٹ بھارتی مظالم کے حوالے سے قرارداد پاس کرے۔ انہوںنے کہا کہ حالات یورپی ممالک کی توجہ کے متقاضی ہیں ورنہ پھر حالات اور خراب بھی ہو سکتے ہیں اوراس سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون نے کنٹرول لائن کے دونوں اطراف لاکھوں انسانوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر یورپی ممبران پارلیمنٹ کو بھارتی مظالم کے ویڈیو ثبوت بھی دئیے جن کو دیکھ کر اکثر ممبران آبدیدہ ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن