• news

بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کے اعلی معیارکو برقرار رکھا جائے: نیول چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس گزشتہ روز نیول ہیڈ کوارٹرز میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے کی۔ کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں سے متعلقہ اُمور، موجودہ سکیورٹی صورت حال اورپاکستان نیوی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ موجودہ سکیورٹی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی کی میری ٹائم حدود کے تمام خطرات سے حفاظت کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزم صمیم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام فیلڈ کمانڈرز پر زور دیا کہ آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور اپنے ایریا آف رسپانسیبیلیٹی میں مستقل چوکنا رہیںتاکہ اگر جنگ مسلط کی جاتی ہے تو اس کا جواب بھرپور طاقت سے دیں۔ پاکستان نیوی کی حربی تیاریوں کو جانچنے کے ساتھ ساتھ کانفرنس میں آزادانہ اور محفوظ عالمی میری ٹائم سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لئے گوادر بندرگاہ کی حفاظت اور پاک چین اقتصادی راہداری سے جڑی بحری سیکیورٹی کے متعلق ترجیحات کا جائزہ لیا۔ نیول چیف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گوادر بندر گاہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ر وایتی اور غیر روایتی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہماری ساحلی پٹی اور بالخصوص گوادر کی میری ٹائم سکیورٹی بہت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مشترکہ طور پر آپریشنز کرنے کی بہترین صلاحیت کے حصول کے لئے نیول چیف نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور اداروں کے ساتھ مل کرساحلی سکیورٹی کی مشقوں کے باقاعدہ انعقاد پر زور دیا۔نیول چیف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن