• news

رقوم کی بیرون ملک منتقلی نواز شریف، اعتزاز کی ہائیکورٹ طلبی کیلئے درخواست پر وکلا بحث کیلئے طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے پر وزیر اعظم نواز شریف اور اعتزاز احسن کو عدالت طلب کرنے جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، چوہدری شجاعت حسین، سپیکر قومی اسمبلی سمیت 64 سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے خلاف کارروائی کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کیلئے طلب کر لیا۔ جسٹس مامون رشید شیخ نے سماعت کی۔ درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے ترمیمی درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عمران خان، نواز شریف، شہباز شریف، چوہدری شجاعت حسین، سردار ایاز صادق، اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی، فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشائ،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ، شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید نے تین سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں 149 جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔ عدالت نے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن