پاکستان، ترکمانستان میں دفاع، توانائی، سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دورہ پر آئے ترکمانستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل بردیو ییلم یاگمیروچ نے پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں اور طے پایا پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دفاع، سلامتی، دفاعی پیداوار اور توانائی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مہمان وزیر دفاع کو بتایا کہ پاکستانی ساختہ لڑاکا طیارہ جے ایف17 تھنڈر، کارکردگی میں ایف سولہ کے برابر جبکہ اس کی قیمت ایف سولہ سے ایک تہائی کم ہے۔ کرنل جنرل بردیو ییلم یاگمیروچ نے پاکستان کی دفاعی پیداوار کی صنعت میں گہری دلچسبی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ ترکمانستان کی بری فوج کے سربراہ کو رواں ماہ کراچی میں منعقد ہونے والی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2016 میں شرکت کیلئے پاکستان بھجوائیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاع و سلامتی کے شعبہ میں تعاون کے امکانات زیر غور آئے۔ خواجہ آصف نے انسداد دہشت گردی میں ترکمانستان کو تعاون کی پیشکش کی۔ ترکمان وزیر دفاع نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دو طرفہ دلچسبی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائدہ برائے افغانستان ٹاڈا میچی یاماموٹو نے بھی جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور سلامتی کے امور پر بات کی گئی۔