• news

جمہوریت کے 8 سال گزرنے کا کریڈٹ فوج کو دیتا ہوں : وزیر دفاع

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوج 8سال سے جمہوریت کو سپورٹ کر رہی ہے، جمہوریت کے 8 سال گزرنے کا کریڈٹ فوج کو دیتا ہوں، حکومت کو وزیراعظم کے احتساب میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ، سب کا احتساب ہو وزیراعظم کا پہلے کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں وزیردفاع نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ابھی 3 ہفتے باقی ہیں، اس پر ابھی گفت و شنید بھی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا احترام کرتا ہوں، ججز کے ریمارکس پر بات نہیں کروں گا،پارلیمنٹ سے احتساب کا قانون بن جاتا تو اچھا ہوتا۔ احتساب بل کا کام بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا۔قومی سلامتی کی خبر کا معاملہ تحقیقاتی کمیٹی کے پاس ہے۔ قومی سلامتی سے متعلق معاملے کو شہباز شریف ،چوہدری نثار اور اسحاق ڈار دیکھ رہے ہیں۔ نیوز گیٹ سکینڈل میرا موضوع نہیں اس پر بات نہیں کروں گا اور نہ ہی پرویز رشید کے استعفیٰ پر بات کروں گا۔ شریف فیملی اور جسٹس (ر) عامر رضا کے تعلقات کے بارے میں مجھے علم نہیں۔ اپوزیشن پانامہ معاملے کو طول دینے کی کوشش کرے گی کیونکہ اپوزیشن کے پاس پانامہ کرپشن کے ٹھوس ثبوت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 بار الیکشن جیتا اور پانچوں بار چیلنج کیا گیا۔ عدالت نے پانچوں بار میرے حق میں فیصلہ دیا۔
خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن