• news

چھاﺅنی کا سنگ بنیاد رکھ دیا‘ شیخ زائد ہسپتال کا افتتاح‘ سوات میں فوج اور عوام کی قربانیوں کے باعث امن قائم ہوا : آرمی چیف

سوات (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا و وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ہمراہ سوات میں مینگورہ، کانجو اور خوازا خیلا کا دورہ کیا اور فوجی چھاو¿نی کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سوات کے عوام نے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کیلئے فورسز کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ شہر میں لوگوں اور فوج کے جوانوں کی قربانی سے امن قائم ہوا۔ انہوں نے کہاکہ سوات میں چھاو¿نی کے قیام سے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، جبکہ چھاو¿نی سوات میں دیرپا امن اور استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ میں ترقیاتی کام فوج کی ترجیح ہے، فوجی چھاو¿نی سے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کا اعتماد بڑھے گا اور علاقے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شیخ خلیفہ بن زید ماڈل ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن اور جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے زیر تعمیر آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول سوات میں مارچ 2017ءسے کلاسز کا آغاز ہو جائیگا۔ بی بی سی کے مطابق جنرل راحیل شریف نے سوات کے عوام کا خطے میں دہشت گردی کے خلاف کھڑنے ہونے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فوج سوات میں امن اور سکیورٹی کے لیے مسلسل اور اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سوات میں چھاو¿نی دہشت گردوں کے لیے رکاوٹ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعتماد بڑھانے اور علاقے میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ جن علاقوں میں آپریشن کیے جا چکے ہیں وہاں اب تک پاکستان آرمی سات سو سے زائد بڑے اور چھوٹے منصوبوں کا آغاز کر چکی ہے۔ آرمی چیف کے مطابق : ’ان منصوبوں کا مقصد ان علاقوں کے رہائشیوں کا معیار زندگی بہتر بنانا اور مقامی سطح پر شدت پسندی کے مسائل سے مکمل طور پر نمٹنا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’پوری دنیا پاکستان آرمی کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے سے لے کر تعمیر نو تک اور پھر ان ہی علاقوں میں لوگوں کو آباد کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اعتراف کرتی ہے۔‘
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن