• news

افراتفری پھیلانے والوں کی سیاست خود انتشار کی نذر ہو گئی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزےراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کےلئے بے پناہ محنت سے کام کےاجا رہا ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بھی پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ 1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور اس منصوبے سے اگلے برس کے اوائل مےں بجلی کی پےداوار کا آغاز ہوجائے گا۔ 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ عمومی طور پر چار سے پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔ چین سمیت دنیا کی تاریخ میں اتنے پیداواری گنجائش کے منصوبے پر ایسی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج تک اتنی تیز رفتاری سے اس طرح کے منصوبے پر کام نہیں ہوا جس طرح ساہیوال کول پاورپلانٹ پر ہو رہا ہے۔یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبوں پر بھی برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر گیس پاور پلانٹس لگارہی ہیں اور 3600 میگا واٹ کے گیس پاور منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ان منصوبوں مےں112ارب روپے کے قومی وسائل کی بچت کی گئی ہے۔ گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔ 2018ءتک بجلی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہونے سے توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی، صنعت و حرفت ترقی کرے گی اور لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔ 20 کروڑ عوام مسائل کا حل اور ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اور یہی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ منفی سیاست کرنے والے شکست خوردہ عناصر نے دھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا اور ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کے ساتھ دشمنی کی۔ دھرنا دینے والے عناصر کا ترقی مخالف ایجنڈا عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے اور اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں نہ کہ دھرنے۔ شہباز شریف نے ورلڈ کائنڈنیس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام کا بنیادی درس انسانیت سے محبت و شفقت اور فلاح انسانیت و خیر خواہی ہے۔اسلام ہمیں درس دیتا ہے کہ ایک دوسروں کے کام آیا جائے اور محبت اور شفقت سے پیش آیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں اور فلاحی پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ شہبازشریف نے معروف گلوکار اے نیئر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر جسٹس (ر) صدیقی الزمان صدیقی کو مبارکباد دی ہے۔
شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن