• news

افغانستان : طالبان کا بگرام بیس پر خودکش حملہ‘ 4 امریکی ہلاک‘ 16 زخمی....

کابل (اے این این+اے ایف پی+اے پی پی + آن لائن) افغانستان میں امریکی فوج کے زیر انتظام سب سے بڑے بگرام ائربیس پر طالبان کے خودکش حملے میں 4 امریکی ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ ڈرون حملوں میں 24 جنگجو مارے گئے۔ فضائی اڈے میں خود کش بمبار مزدور کے بھیس میں داخل ہوا اور ڈائننگ ہال کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ لوگ ویٹرنز ڈے منانے کیلئے جمع تھے۔ کمانڈر جنرل جان نکولسن نے ایک تحریری بیان میں کہا ہم افغانستان کی بہتری میں شراکت داروں کی تربیت‘ مشاورت اور معاونت جاری رکھیں گے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا امریکی فورسز کا بھاری جانی نقصان ہوا۔ افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہار کے ضلع آچین میں مومند درہ کے علاقہ میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں 13 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے بیشتر غیرملکی ہیں۔پولیس کے مطابق ایک اورکارروائی میں شدت پسند تنظیم داعش کے 11جنگجو مارے گئے ۔ادھر حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے افغانستان میں تعینات امریکی افواج کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے افغانستان کے عوام کو اپنے مسائل خود حل کرنے کا موقع دینا چاہئے۔ افغان میڈیا کے نام جاری مکتوب میں انہوں نے کہا افغانوں کو آزادانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے اپنی قیادت کے انتخاب کا موقع دینا چاہئے۔ آپریشن عام شہریوں کی ہلاکت کا سبب بنتے ہیں۔ امریکہ نے کہا نئی سیاسی قیادت سے افغانستان سے متعلق امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ افغانستان میں تعینات امریکی سفیرمائیکل مک کینلے نے کہا دونوں ممالک کے درمیان معاہدے برقرار رہیں گے۔ وزیر دفاع کارٹر نے کہا مرنے والوں میں 2 فوجی اور 2 کنڈیکٹر اور زخمیوں میں 16 اہلکار شامل ہیں۔ خبر سے گہرا صدمہ پہنچا۔ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ انکوائری ہو گی۔ ملک کی حفاظت اور افغانستان کا مستقبل محفوظ بنانے کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
افغانستان

ای پیپر-دی نیشن