• news

مال روڈ پر ینگ ڈاکٹرز‘ واٹر بورڈ ملازمین کا دھرنا ختم‘ ٹریفک بحال

لاہور (نیوزرپورٹر+ سٹاف رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کے بعد مال روڈ پر جاری دھرنا ختم کردیا، اسکے ساتھ ہی ساتھ واٹر بورڈ کے ملازمین کا احتجاج ختم کروا دیا گیا جس کے بعد مال روڈ کو 5 روز بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو میوہسپتال پروفیسر ڈاکٹرز اسد اسلم نے ینگ ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد ڈاکٹرز نے دھرنا ختم کردیا۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ جن ڈاکٹرز و نرسز کیخلاف معطلی، تبادلہ سمیت دیگر سزاﺅں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں وہ اس حوالے سے شعبہ صحت کو اپنی اپیل کریں اور نظرثانی کمیٹی اس پر غور کرتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کریگی۔ دوسری جانب وائے ڈی اے کا کہنا ہے کہ انہوں نے مریضوںکے مفاد میں دھرنا ختم کردیا ہے۔ مذاکرات کے موقع پر سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری کلب چوک میں موجود تھی۔ ٹریفک بحال ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ کئی روز سے شہری اذیت کا شکار تھے اب مال روڈ کو بند نہیں کرنے دیا جائے گا۔ پولیس نے مال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا اور مظاہرین کے کیمپ و دیگر سامان ہٹا دیا گیا۔ میوہسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا ڈاکٹروں کا بڑا مسئلہ سکیورٹی کا تھا جو حکومت نے حل کر دیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز میرے بچوں جیسے ہیں اور انہیں سمجھایا ہے کہ ڈیوٹی پر واپس آئیں۔ اس سے قبل پولیس کی جانب سے ینگ ڈاکٹرز اور واٹر مینجمنٹ ملازمین کو 10 منٹ میں مال روڈ خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کے لئے پولیس کی بھاری نفری کو مال روڈ کے اطراف تعینات کردیا گیا تھا۔ حالات کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز نے بھی اپنے کیمپ خالی کردئیے جس کے بعد پولیس نے بچے کھچے ٹینٹ گراتے ہوئے پانچ روز سے جاری مال روڈ کی بندش کو ختم کرادیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ آئندہ کسی صورت بھی دھرنوں سے مال روڈ کو بند نہیں ہونے دینگے۔ اگر کسی نے دوبارہ روڈ بلاک کرنے کی دھمکی دی تو اس کےخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن