نیوزی لینڈ کے خلاف تیاری مکمل ، بلے بازوں کا امتحان ہو گا: مکی آرتھر
لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستان اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ کا دوسرا دن بھی بارش کی نذرہوگیا ۔ پہلادن بارش کی نذرہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے دوسرے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی تھی ۔ دوسرے دن بھی بارش کی وجہ سے ایک اوور کا کھیل بھی ممکن نہ ہوسکا ۔پاکستان ٹیم کو امید تھی کہ ٹیسٹ سیریز کے قبل پریکٹس میچ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دکھانے کا موقع مل جائے گا مگر تمام خواب بارش کی نذر ہوگئے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 17نومبر سے شرو ع ہوگا۔تین روزہ پریکٹس میچ کا نتیجہ اب کچھ بھی نہیں نکل سکتا ۔ اگر آج بارش نہ ہوئی تو شاید بائولرز کو اپنی مہارت دکھانے کا کچھ موقع مل جائے‘آج بھی بارش کا امکان ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بہت شاندار ہوگی جس کے لیے ہماری تیاری بہت خوب ہے۔پریکٹس میچ کے دوسرے دن کا کھیل نہ ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوچ نے کہا کہ سب سے پہلے تو نیوزی لینڈ ٹیم کی کوچنگ بہت اچھی ہوئی ہے اور میرے خیال میں اس وقت وہ خاص کر اپنی کنڈیشنز پر ایک بہت اچھی ٹیم ہے اس کو آسان نہیں لیا جاسکتا۔نیوزی لینڈ ٹیم کو حال ہی میں بھارت سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ایک روزہ سیریز میں ٹیم نے واپسی کرتے ہوئے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ہماری تربیت، تیاری اور توجہ باالکل اسی طرح بہترین ہے جس طرح انگلینڈ میں کھیلنے کیلئے تیاری اور تربیت کی تھی۔ ہم نے انگلینڈ میں اچھا کھیلا تھا اور نیوزی لینڈ کے حالات انگلینڈ جیسے ہیں، یہ حالات دبئی سے بالکل مختلف ہیں لیکن ہم انگلینڈ میں صرف تین ماہ پہلے ہی تھے اور ہم نے بہترین کھیلا تھا۔اس لیے مجھے انگلینڈ سے مختلف کنڈیشنز کی توقع نہیں ہے اور کھلاڑی اس کے عادی ہیں۔نیوزی لینڈ کے سپنر مچل سینٹنر کی سیریز میں عدم دستیابی کے باوجود مکی آرتھر ان کے تجربہ کار باؤلرز پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔آرتھر نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلنگ کے حوالے سے کہا کہ ان کی فاسٹ باؤلنگ بہت اچھی ہے اور ہمیں اس کے خلاف ایک امتحان کی توقع ہے لیکن ہمارے پاس بھی بہت اچھے فاسٹ باؤلرز ہیں۔یاسر شاہ سیریز میں اہم کردار ادا کرینگے ۔