• news

پی سی بی کا بائیو مکینکس لیب کی ایکریڈیشن کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطے کا فیصلہ

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی بائیو مکینکس لیب کی ایکریڈیشن کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے نجی یونیورسٹی میں قائم بائیو مکینکس لیب میں مختلف مقامی و انٹرنیشنل کرکٹرز کے باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ لئے جا چکے ہیں۔ کینیا کے ایک گیند باز کا بھی پی سی بی کی بائیو مکینکس لیب میں تجزیہ کیا جا چکا ہے۔ رواں سال اپریل میں اس بائیو مکینکس لیب نے باضابطہ کام شروع کر دیا تھا۔ سعید اجمل اور محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دئیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیو مکینکس لیب کو فعال کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے۔ شہریار خان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد چھ ماہ کے عرصہ میں بائیو مکینکس لیب کو فعال کرنے کا اعلان کیا تھا وہ اسمیں کامیاب تو نہ ہو سکے لیکن فائلوں میں دبے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں ضرور کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیفنس کے علاقے میں موجود نجی یونیورسٹی میں قائم پاکستان کرکٹ بورڈ کی بائیو مکینکس لیب کے معاملات کی نگرانی کرنیوالے ایک سینئر پروفیسر ان دنوں غیر ملکی دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف بائیو مکینکس لیب بھی جائیں گے اس دورے کے آخر میں پی سی بی کی بائیو مکینکس لیب کے ذمہ دار پروفیسر دبئی میں آئی سی سی کی گلوبل اکیڈمی کا دورہ کریں گے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے متعلقہ حکام کو باضابطہ دورہ پاکستان کی دعوت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیب ایکریڈیشن کے لئے درخواست بھی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کے کچھ ٹیسٹ کرکٹرز لیب میں موجود سہولیات سے خوش نہیں ہیں ان کے مطابق ابھی یہ سہولیات بین الاقوامی معیار کی نہیں ہیں اس صورتحال کے بعد دیکھنا یہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے پی سی بی کو ایکریڈیشن ملتی ہے یا نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن