ہوبارٹ ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کی تباہ کن بائولنگ ، آسٹریلیا85 رنز پر ڈھیر
ہوبارٹ (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے ہیں اور اسے آسٹریلیا کے خلاف 86 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ ٹیمبا باووما 38 اور ڈی کوک 28 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ہوبارٹ میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ کے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو جنوبی افریقی بائولرز نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کر دیا اور پوری آسٹریلوی ٹیم محض 85 رنز بنا کر ہی آئوٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کے 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ اپنی ٹیم کی درگت بنتے دیکھ کر آسٹریلوی شائقین پر ایک طرح سے سکتہ طاری ہو گیا۔کپتان سٹیو سمتھ 48 رنز بنا کر مزاحمت کرنے میں کامیاب رہے تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی دیکھ کر بے بس نظر آئے۔ ورنن فلینڈر کینگروز پر قہر بن کر ٹوٹے اور محض 21 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 1، جو برنز نے 1، عثمان خواجہ نے 4، سٹیو سمتھ نے 48، کرس ووجز نے 0، کیلوم فرگوسن نے 3، پیٹر نیویل نے 3، جو مینی نے 10، مچل سٹارک نے 4، جوش ہیزل ووڈ نے 8 اور نیتھن لیون نے 2 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ویرنون فلینڈر نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کی ’’ہیکڑی‘‘ نکال نکال دی اور 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ کیل ایبٹ نے 3 اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے 85 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے ہیں اور اسے آسٹریلیا کے خلاف 86 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سٹیفن کک نے 23، ڈین ایلگر نے 17، ہاشم آملہ نے 47، جے پی ڈومنی نے 1 اور فف ڈوپلیسی نے 7رنز بنائے۔ ٹیمبا باووما 38 اور ڈی کوک 28 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ مچل سٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔