راجکوٹ ٹیسٹ:بھارت488پر آئوٹ ‘ انگلینڈکی برتری 163 رنز
راجکوٹ(سپورٹس ڈیسک )پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ کو بھارت کے خلاف 163 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اس کی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ چوتھے روز کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے تھے۔ایلسٹر کک 46 اور حسیب حمید 62 رنز پر کھیل رہے تھے۔بھارت نے 319 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 488 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔مہمان ٹیم کو 49 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ چیتیشور پجارا 124 اور مرلی وجے 126 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ ایشیون نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں لیگ سپنر عادل رشید چار وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے۔ ان کے علاوہ ظفر انصاری اور معین علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انڈین کپتان وراٹ کوہلی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 40 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوگئے۔ امت مشرا صفر، ریحانے 13 اور رویندرا جدیجہ 12 رنز ہی بنا سکے۔