اللہ نے لا کھوں مسلمان قتل کرنے کی سزا کیلئے امریکیوں پر ٹرمپ مسلط کردیا : حافظ سعید
لاہور+ مانانوالہ (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی خاطر مر مٹنے کا عزم ہمارے ایمان کا تقاضا ہے، حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کرکے خانہ کعبہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی مگر مسلم ممالک کی طرف سے اس ناپاک جسارت پر مبینہ خاموشی معنی خیز ہے‘ مسلم حکمرانوں کی بجائے صرف اللہ کے آگے جھکنا چاہئے اور طاغوتی طاقتوں کی سازشوں کو سمجھ کر انکی ڈکٹیشن پر عمل کرنے سے انکار کر کے اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں۔ فیروزوٹواں میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے دینی مرکز سعودی عرب کیخلاف سازشیں عروج پر ہیں اور چاروں اطراف سے اسکا گھیراؤ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ صلیبی و یہودی مسلم ممالک میں دہشت گردی و تخریب کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کے قتل کی سزا دینے کیلئے اللہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکیوں پر مسلط کر دیا۔ دریں اثناء مریدکے میں تعلیم کے چیلنجز کے حوالے سے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعلیم و تربیت دین اسلام کی بنیاد پر ہونی چاہئے‘ آسمانی نظام تعلیم کو اہمیت دینے سے دنیا میں تبدیلی آئے گی، تعلیمی مہارتوںکے ساتھ مغربی نظریات کی بجائے اسلام کے نظریئے کو اپنانا ہو گا۔ جماعۃ الدعوۃ دعوتی و رفاہی کاموں کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے‘ نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے دور رکھنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ اساتذہ طلباء کو وطن عزیز کے دفاع کے لئے تیار کریں۔ سیمینار سے نامور ماہرین تعلیم پروفیسر ضیائ‘ پروفیسر رضوان الحق‘ پروفیسر مسعود کمال‘ پروفیسر ظفر اقبال‘ انجینئر نوید قمر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مغرب فطرت کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جس کی وجہ سے دنیا میں فساد برپا ہو رہا ہے۔ ہمیں رب کے نمائندے بن کر دنیا میں اسلام کی دعوت پھیلانی چاہئے اور غیروں سے متاثر نہیں ہونا چاہئے۔