• news

بھارت‘ لندن سے سکھوں کی آمد‘ آج سچا سودا میں متھا ٹیکی ہو گی‘ ایک مشکوک یاتری واپس

لاہور+ ننکانہ صاحب+ پاکپتن (خبر نگار+ نامہ نگار) سکھ مذہب کے بانی و روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 548 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے تقریباً 3 ہزار سے زائد سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ سکھ یاتریوں نے کہا پاکستان پہنچ کر انکی جس شاندار طریقے سے آؤ بھگت کی گئی وہ ناقابل فراموش ہے۔ سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے پولیس کے کڑے حصار میں گردوارہ جنم استھان پہنچایا گیا۔ یاتری آج دس بجے صبح نواحی قصبہ منڈی فاروق آباد جائیں گے جہاں واقع گردوارہ سچا سودا میں متھا ٹیکی کی رسم ادا کرنے کے بعد شام کو واپس ننکانہ صاحب آجائیں گے۔ باباگورونانک کے جنم دن کی تقریبات گزشتہ رات 12بجے اکھنڈا پاٹھ کی رسم کے ساتھ شروع ہوگئیں۔ سکیورٹی کی مانیٹرنگ کیلئے گورودوارہ جنم استھان کے احاطہ اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں تقریبات کے دوران تقریباً 15سو پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے لگانے کے علاوہ گورودوارہ جنم استھان کی طرف جانے والے تمام راستوں پر بیرئیر اور خاردار تاریں لگا کر روڈکو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق بھارت اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں میں سے 32 مرد و خواتین پر مشتمل یاتریوں نے دربار حضرت بابا فریدؒ پر حاضری دی۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق لندن سے سکھ یاتریوں کا قافلہ سکھ رہنما منموہن سنگھ خالصہ کی قیادت میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لاہور پہنچ گیا۔ جبکہ ایف آئی اے امیگریشن واہگہ نے پاسپورٹ میں تبدیلی کرکے یاتری کے بہروپ میں پاکستان میں داخلے کی کوشش کرنے والے سکھ کو واہگہ ریلوے سٹیشن سے ہی بھارت واپس بھجوا دیا۔ 3 ٹرینوں میں آنے والے 2008 سکھ یاتریوں میں سے گورمیت سنگھ کا پاسپورٹ مشکوک نکلا۔ امیگریشن کاؤنٹر پر پاسپورٹ چیک کرنے پاسپورٹ کی جعلسازی سے مدت اختتام 2007ء سے تبدیل کرکے 2017ء کی گئی تھی۔ اسے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن