• news

تحریک انصاف کلین بولڈ ہوگئی، بلاول کیلئے اپنی سیٹ جیتنا مشکل ہوگا: عابد شیر

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس صوبہ میں پرویزخٹک جیسا وزیراعلیٰ اور گنڈا پور جیسے وزیر ہوں اس صوبہ کی حکومت کیلئے انا للہ وانا الیہ راجعون۔ تحریک انصاف منفی سیاست کر رہی ہے۔ پانامہ کیلئے جوش سے نکلنے والے اپنے ہوش گنوا بیٹھے۔ بلاول کیلئے آئندہ الیکشن میں اپنی سیٹ نکالنا بھی مشکل ہوجائیگا۔ انکے والد نے اربوں روپیہ لوٹا، اسکا حساب دیا جائے۔ وزیرمملکت نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ کسی غیرسیاسی شخص کو سندھ کا گورنر لگایا گیا ۔ جسٹس(ر) سعیدالزمان صدیقی ایماندار شخص ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ایک بہترین روایت قائم کی ہے۔ نئے گورنر سندھ کیلئے بہترین شخصیت ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کردیا گیا ہے۔ سال 2018ء تک لوڈشیڈنگ بالکل ختم ہوجائیگی۔ انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف جیت گئے اب تیرا کیا ہوگا کالیا۔ تحریک انصاف کو ڈانس کے علاوہ کچھ نہیں آتا وہ کلین بولڈ ہوچکی ہے۔ اللہ نے چاہا تو مسلم لیگ (ن) پانامہ کیس میں بھی سرخرو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی لیکس انتہائی سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے اس پر اعلیٰ سطح پر غوروخوض جاری ہے۔ عابد شیرعلی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی اداؤں پر غور کریں اور پارٹی کو سندھ میں مضبوط کریں۔ وہ اپنی سیٹ نکال جائیں یہی بڑی بات ہے۔ حکومت کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن