قصور، چشتیاں، رجانہ، جڑانوالہ: گھریلو ناچاقی پر شادی شدہ خاتون سمیت 4 افراد کی خودکشی
قصور، چشتیاں، رجانہ، جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) گھریلو ناچاقی شادی شدہ خاتون سمیت چار افراد نے زندگی ختم کرلی۔ قصور کے موضع مان کے 24 سالہ امین کی کچھ عرصہ قبل شادی ہوئی تھی مگر اسکی بیوی نے طلاق لے لی تھی جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گزشتہ روز گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ چشتیاں کے وارڈ نمبر 4 نور پورہ میں 26 سالہ رانا علی رضا نے گھر والوں سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس نے واقعہ کو اتفاقیہ قرار دیکر نعش ورثا کے حوالے کردی۔ رجانہ کے نواحی گائوں 338 گ ب میں 18 سالہ نوجوان احسان نے گھر میں کسی بات پر جھگڑا کر کے کھیتوں میں جا کر درخت کیساتھ پھندا لیکر خودکشی کرلی جبکہ جڑانوالہ میں شادی شدہ خاتون بلقیس بی بی نے خاوند سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ چند گھنٹے بعد دم توڑ گئی۔