لاہور : رائیونڈ روڈ پر فیکٹری میں گیس لیکج سے دھماکہ‘ دو مزدور زندہ جل گئے
رائے ونڈ/ لاہور (نامہ نگار + خبر نگار) رائیونڈ روڈ پر الیکٹرانکس کی فیکٹری میں گیس لیک ہونے سے اچانک دھماکے سے پائپ پھٹ گیا اور آگ لگ گئی جس کے باعث 2 مزدور زندہ جل گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ روڈ پاجیاں پر پاک چائنہ الیکٹرونکس فیکٹری میں گیس کے پریشر پائپ پر نوید شہزاد اور محمد نوید صبح چھ بجے کام کررہے تھے کہ اچانک کیمیکل روم کے پائپ میں گیس کا پریشر بڑھ گیا اور گیس لیک ہونے پر اچانک دھماکے سے پائپ پھٹ گیا اور آگ لگ گئی جس کے باعث دونوں مزدور جھلس کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دونوں جھلس کر کوئلہ بن گئے۔ نوید آرائیاں جبکہ شہزاد پشاور کا رہائشی تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرورنے گیس لیکج سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے ورثاءکے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے 9،9لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ورثا ءکو چار لاکھ روپے فی کس رقم فیکٹری مالکان کی طرف سے بطور ازالہ جبکہ پانچ لاکھ روپے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی طر ف سے ڈیتھ گرانٹ کے طور پر دئےے جائیں گے۔ راجہ اشفاق سرور نے ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر لاہور چودھری نصر اللہ کو ہدایت کی کہ اس واقعے کے تمام حقائق اور وجوہات بارے مکمل تحقیقات کرکے انہیں 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کی جائے۔ ڈسٹرکٹ لیبر افسر کی طرف سے ابتدائی طور پرفراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق اموات سی پی پلانٹ میں گیس لیکج کی وجہ سے ہونے والے دھماکے سے ہوئیں۔
مزدور زندہ جل گئے