زرداری، بلاول نے سیاسی معاملات پر کل دبئی میں مشاورتی اجلاس طلب کرلیا
دبئی (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) ملکی سیاسی معاملات پر آصف علی زداری ، بلاول بھٹو نے کل منگل کے روز دبئی میں اعلی سطحی مشاورتی اجلاس طلب کرلیا، چاروں صوبوں سے سینئر پارٹی رہنماﺅں کو مدعو کرلیا گیا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو جو دوبئی میں ہیں انہوں نے کل (منگل کو) چاروں صوبوں سے پارٹی کے سینئر رہنماﺅں کو بھی دبئی بلا لیا ہے جہاں پر ملکی معاملات پر اعلی سطحی مشاورت ہوگی۔ مشاورتی ملاقات پاناما لیکس، سکیورٹی لیکس، پارٹی تنظیمی امور اور دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال ہوگا، وسطی پنجاب کے صدر کے نام کے حوالے سے بھی حتمی منظوری ہوگی جبکہ پارٹی کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کےلئے مقام کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق اس بار 30 نومبر کو یوم تاسیس کی تقریب بلاول ہاﺅس لاہورمیں ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی کے تنظیمی امور سے متعلق بھی اہم فیصلے کئے جائینگے۔
پیپلز پارٹی/ اجلاس