• news

ننکانہ: بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات جاری، سکھ یاتری سُچا سودا گئے

ننکانہ صاحب/ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ خصوصی نامہ نگار) ننکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 548 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات جاری ہیں جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ روز سکھ یاتری بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب سے فاروق آباد گوردوارہ سُچا سودا گئے اور متھا ٹیکی کی رسم ادا کی ۔سکھ یاتری آج نگر کیرتن کی مذہبی رسم ادا کریں گے جس کے دوران سکھ یاتری ایک جلوس کی شکل میں گوردوارہ جنم استھان سے نکل کر شہر میں واقع تمام گورداوروں سے ہوتے ہوئے گوردوارہ کیارہ صاحب پہنچیں گے اور رات کو بھوگ کی اختتامی رسم ادا کریں گے۔ متروکہ املاک بورڈ نے ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ علاوہ ازیں بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بور ڈ محمد صدیق الفاروق نے بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ رہنمائوں کے ہمراہ 75سال سے بند گورودارہ کیارہ صاحب مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے کھول دیا۔ سکھ رہنمائوں نے پاکستان زندہ باد اور سکھ مسلم دوستی زندہ باد، کے نعرے لگائے اور بابا گورونانک دیو جی کے بچپن کے دوست اور ساتھی بھائی مرانہ کی یادگار تعمیر کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔ گورودوارہ تمبو صاحب میں بھی نئی تعمیر شدہ عمارتوں کا افتتاح کیا۔ سکھ رہنمائوں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ صدیق الفاورق نے کہا کہ میں وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ہدایات پر سکھوں اورہندئوں کی خدمت اورانکی مقدس عبادت گاہوں کی توسیع اور تعمیر کیلئے دن رات مصروفِ عمل ہوں، بھارت سے آئے سکھ پارٹی لیڈر سردار سورن سنگھ گل نے کہا کہ آج ہمارے لئے بہت ہی خوشی کا دن ہے اس گورو دوارہ کوکھولنے اور بھائی مردانہ کی تعمیر کا افتتاح کرنے پر سے پوری سکھ قوم میں خوشی کی لہر دور گئی ہے، شرومنی گورو داورکمیٹی لیڈر سردار سوہن سنگھ نے کہا کہ چیئرمین صدیق الفاروق کے تاریخی اقدامات پر پوری سکھ قوم انکی بہت شکر گزار ہے۔ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب آج صبح 10 بجے جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی جس میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ مہمان خصوصی ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن