• news

بھارت پاکستان کی صنعتی بنیاد پر کاری ضربیں لگا رہا ہے: پاکستان اکانومی واچ

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ہمارا ازلی دشمن بھارت پاکستان کی صنعتی بنیاد پر کاری ضربیں لگا رہا ہے تاکہ ملک کو دیوالیہ کیا جا سکے۔ حکومت صورتحال کا فوری نوٹس لے کر اقدامات کرے۔ بھارت نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کیلئے ٹیکسٹائل کی صنعت کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے جسے تباہ کر کے ملک کو دیوالیہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ بھارت نے کالا باغ ڈیم کو متنازعہ بنانے کے بعد آبی دہشت گردی شروع اور اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں کے بعد اب ٹیکسٹائل سیکٹر کو تباہ کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے برآمدات سے متعلقہ تمام معاملات کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ٹیکسٹائل سیکٹر کو تباہ کرنے کیلئے اپنے ٹیکسٹائل کے شعبہ کو بھاری سبسڈی دینا شروع کر دی ہے۔ اب بھارتی بنک ٹیکسٹائل کے شعبہ کو صفر شرح سود پر قرضے دے رہے ہیں جبکہ بھارت کی تاریخ میں پہلی بار ٹیکسٹائل اندسٹری کی عمارت بنانے پر بھی صفر شرح سود پر قرضہ دیا جا رہا ہے جس سے اس شعبہ کی پیداواری لاگت بہت کم ہو گئی ہے اور پاکستانی مصنوعات مسابقت کے قابل نہیں رہیں۔ اگر برآمدات نہ بڑھائی گئیں تو دوبارہ کشکول اٹھانا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن