فوڈ اتھارٹی کے لاہور ، فیصل آباد میں چھاپے‘ اشیاءکے نمونے حاصل کئے
لاہور (خبر نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور اورفیصل آباد میں اتواربازاروں کی اچانک چیکنگ کی اور غیر معیاری اشیاءرکھنے والوں کے خلاف کارروائی اور دیگر اشیاءکے نمونے حاصل کئے۔لاہور میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے منی مارکیٹ میں واقع ”چٹخارہ ریسٹورنٹ “ کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل ہدایت پر فوڈ اتھارٹی ٹیم نے وحدت کالونی میں واقع اتواربازارکا دورہ کیا اور مختلف اشیاءخوردونوش کے سیمپلز حاصل کرکے ٹیسٹنگ کے لئے لیبارٹی بھجوا دئیے جبکہ اچار کے ایک سٹال کو غذائی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث منسوخ کر دیا۔ڈائریکٹر آپریشنزرافیعہ حیدر کی قیادت میں فوڈ اتھارٹی ٹیم نے جوہرٹاﺅن اورٹھوکر نیازبیگ میں اتوار بازاروں میں اچانک چیکنگ کی اور اشیائے خوردونوش کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لئے بھجوادئیے۔فوڈاتھارٹی ٹیم نے غیرمعیاری پاپڑسٹال سے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر اتواربازاروں میں سٹال کے مالکان کو معیاری غذا ئی اجزاءسے متعلق آگاہ کیا گیااور بہتری کے لئے مشورے دئیے گئے۔فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ٹولنٹن مارکیٹ میں اچانک چیکنگ کرکے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔قبل ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کی ٹیم نے ڈی ٹائپ اتوار بازار ،جھنگ روڈ اتوار بازار اور کلیم شہید روڈ پرواقع اتوار بازار کے اچانک دورے کئے اورسٹال مالکان کو غذائی اشیاءکے مکمل لیبل ،حفاظتی طور طریقوں اوردیگر امور سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انار اور کینو کے غیر معیاری جوس کو فوری طور پر قبضے میں لے کر ضائع کر دیا گیا۔