تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات‘ ترک سفیر کی مشترکہ اجلاس میں شرکت کی درخواست
اسلام آباد (عزیز علوی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پارٹی وفد سمیت ترک سفیر سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات کی بنیادی وجہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہے۔ ترکی نے ہر فورم پر پاکستان کی مدد کی۔ ترک سفیر سے ملاقات کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ترکی کے صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے موقع پر ہم کیوں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہیں جا رہے۔ ترک صدر اور عمران خان کا آپس کا بھی گہرا تعلق ہے‘ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے اصولی مئوقف اور فیصلے کو سمجھا جائے۔ یہ سفارتی نہیں دوستانہ ملاقات تھی جبکہ ترک سفیر نے تحریک انصاف کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کرنے اور اجلاس میں شرکت کی درخواست کی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان میں ترکی کے سفیر کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے درخواست پر منگل کے روز پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دن دو بجے بنی گالہ میں طلب کرلیا ہے۔ امکان ہے کہ پی ٹی آئی مشترکہ اجلاس میں شرکت کرے گی۔ قبل ازیں ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے ترکی کے سفیر کو آگاہ کیا کہ ہم ترک صدر طیب اردگان کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پانامہ لیکس پر ہمارا کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے جس میں وزیر اعظم پھنسے ہوئے ہیں یہ ہمارے ملک کا اندرونی معاملہ ہے جبکہ ہم ترک عوام کے دوست ہیں اس موقع پر ترک سفیر نے اپنی جانب سے عمران خان کو درخواست بھجوائی کہ وہ ترک صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر بائیکاٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کریں جس کے حوالے سے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی نے نوائے وقت کو بتایا کہ چیئرمین نے منگل کو دن دو بجے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں ترک سفیر کی درخواست پر غور ہوگا۔ دریں اثناء عمران خان نے منگل کے روز وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے بچوں کے مختلف مواقع پر دئیے گئے بیانات پر بنائی گئی دستاویزی فلم دیکھی انہیں یہ ڈاکیومینٹری تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فیصل جاوید خان اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی نے دکھائی۔