• news

پاکستان کےخلاف ہوم سیریز کیلئے آسٹریلوی ٹیم میں تبدیلیاں کرنا ہونگی: ای این چیپل

سڈنی(سپورٹس ڈیسک) سابق کپتان ای ین چیپل نے پاکستان کے خلاف ہوم سیریزکیلئے آسٹریلوی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کر دیا‘ وہ کہتے ہیں کہ اگر فوری طور پر صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو سلیکٹرز کے پاس سخت فیصلوں کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا، یہاں پرکھیل کا سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے۔ آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اگر اس میں فوری طور پر بہتری نہیں آئی تو پھر سلیکٹرز کوپاکستان کی مضبوط ٹیم کے خلاف سیریز کیلئے ہول سول تبدیلیاں کرنا پڑیں گی۔اس کے بعد آسٹریلیا کو بھارت کا ایک مشکل ٹور کرنا ہے اور پھر انگلینڈ کی ٹیم آئندہ موسم گرما میں آسٹریلیا کا رخ کرے گی، اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئندہ چند ہفتے آسٹریلوی کرکٹ کیلیے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔چیپل نے کہا کہ کینگروز کی حالیہ ناکامیوں کے پیچھے بڑی وجہ ناقص بیٹنگ ہے لیکن فاسٹ بولرز کو فٹ رکھنا اس سے بھی بڑا مسئلہ ہے، کچھ عرصہ قبل آسٹریلوی پیس بولنگ کا مستقبل کافی روشن دکھائی دیتا تھا، مچل اسٹارک، جیمز پیٹنسن اور پیٹ کمنز سب ہی بہترین پیس کے ساتھ گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹرسڈل بھی مستقل مزاجی سے اچھی بولنگ کررہے تھے اور بیک اپ میںبھی کئی نوجوان فاسٹ بولرز موجود تھے لیکن اب اس حوالے سے تشویش پیداہورہی ہے۔فاسٹ بولرز کی انجریز سے کپتان اسٹیون اسمتھ اور ٹیم مینجمنٹ کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، ویسے بھی جب ٹیم مسلسل چار ٹیسٹ میچز ہار جائے تو پھر کپتان پر سوال اٹھتے ہی ہیںلیکن میں سمجھتا ہوں کہ موجودہ صورتحال میں صرف کپتان ہی ذمہ دار نہیں، میں خود آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کرچکا مگر تب میرا تعلق صرف منیجر سے ہوتا تھا مگر اب کپتان کو بہت زیادہ مشورے ملتے ہیں، کوچنگ اسٹاف کی بھرمار سے بھی صورتحال گھمبیر ہوئی ہے، موجودہ سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھائی دیتا اور اس میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن