مقبوضہ کشمیر: مظالم کیخلاف احتجاج جاری‘ موہن بھاگوت کا بیان بھارتی حکمرانوں کے مشن کا عکاس ہے: حریت قیادت
سرینگر (اے این این+کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف وادی بھر میں مظاہرے کئے گئے۔ شمالی کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ کپواڑہ میں ہو کا عالم رہا اور بانڈی پورہ میں پتھراؤ کیا گیا۔ گلشن چوک میں سٹیٹ بنک کے نزدیک صبح نوجوان نمودار ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران پولیس اور فورسز کی کمک بھی وہاں پہنچی اور نوجوانوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی،تاہم ان نوجوانوں نے فورسز اور پولیس کو بھی نشانہ بناتے ہوئے پتھراؤکیا۔ جنوبی کشمیر میں بھارتی فورسز نے کر یک ڈاؤن کے دوران 5نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گرفتاریوں کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان کہ بھارت ایک ہندو راشٹر یہ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھاگوت کا بیان بھارتی حکمرانوں خاص کر سنگ پریوار کے اصل اور بنیادی مشن کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمیں اس بات کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ وہ وقت پر اپنے جمہوری اور سیکولر چہرے سے نقاب کشائی کرکے اپنی اصل صورت کی نمائش کرکے ہماری تحریک کے لیے ایک اہم اور بنیادی جواز فراہم کرتے ہیں۔ قیادت نے کہا کہ ہندو راشٹر میں صرف ہندو ہی رہ سکتے ہیں اور اسی لیے یہ لوگ مسلمانوں اور باقی اقلیتوں کو دیس نکالا دینے کا ہر حربہ استعمال کرتے ہیں۔ ہم اپنے مذہب، اپنے ملی تشخص اور کلچر کو ہندوؤں کے رنگ میں رنگنے سے بچانے کے لیے ہی بھارت سے آزادی چاہتے ہیں جس کے لیے خود بھارت نے ہم سے وعدہ کررکھا ہے۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اورممبراسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی طرف سے جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قررار دینے کومضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا موہن بھاگوت یا کسی کے کہنے سے تاریخ ہر گز نہیں بدل سکتی کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کشمیر میں سرکاری سطح پر جاری جبر و استبداد اور ظلم و تشدد کی کارروائیوں میں کوئی کمی آنے کے بجائے آئے روزکسی نہ کسی بہانے شدت آرہی ہے۔ سرحدی ضلع کپواڑہ میں آتشزدگی کے واقعہ میں 40دکانیں جل گئیںٗ کروڑوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔