• news

موٹربائیکس ایمبولینس سروس کی منظوری‘ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے پروگرام کی نگرانی خود کرونگا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ہر شہری کا حق ہے اور حکومت پنجاب اس مقصد کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے‘ ہیلتھ کئیر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام وضع کیا گیا ہے اور اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا‘ حکومت پنجاب ہیلتھ کئیر سسٹم میں جدت اور انفرادیت کے ذریعے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیگی۔ وہ علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لے رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں ہے، اگر طبی شعبے سے وابستہ افراد اپنے فرائض محنت اور احساس ذمہ داری سے سرانجام دیں اور وسائل کا صحیح استعمال کریں تو مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولتیں میسر آئیں۔ طبی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام وضع کیا جا رہا ہے اور میں خود ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحاتی پروگرام کی نگرانی کروں گا اور سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ہفتے باقاعدگی سے اجلاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب متعلقہ اداروں کو جاگنا ہوگا اور باتوں کی بجائے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی پروگرام کو آگے بڑھانا ہوگا اور اس ضمن میں ترکی کے ہیلتھ کئیر سسٹم سے بھرپور استفادہ کرکے مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔ طبی شعبے کی بہتری کیلئے ترکی کی وزارت صحت کے ماہرین کا وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام پر عملدر آمد اور پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ’’پکیاں سڑکاں،سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلو میٹر دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا کام جاری ہے ۔خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کا تیسرا مرحلہ 30نومبر کو مکمل ہو جائے گا جس کے بعد پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے کام کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔ شہبازشریف سے کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے صدر سمیر ڈوسل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور صوبے کے عوام کیلئے شاندار پروگرامز پر تیزی سے عمآدرمد پر پنجاب حکومت کی ستائش کی۔ برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دین اسلام‘ رواداری‘ برداشت اور اخوت کے رویوں کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے‘ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن