• news

عمران کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھ رہا، الیکشن میں تیسری قوت بنانے کی کوشش کرونگا: مشرف

دبئی (آئی این پی) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پنگ پانگ کھیل رہے ہیں، تیسری سیاسی قوت بننا ضروری ہے، ایم کیو ایم سے کوئی خاص تعلق نہیں، مہاجر کمیونٹی سے ہمدردی ہے، ان کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں، عمران کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا 2018ء کے انتخابات میں حصہ لونگا، سب کو ساتھ ملا کر 2018ء انتخابات میں تیسری قوت بنانے کی کوشش کرونگا۔انہوں نے کہا ایسی جماعت بنائی جائے جو پی پی کو سندھ اور مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں ہرا سکے۔ متحدہ کے ’’را‘‘ کے ساتھ روابط کا علم نہیں ‘باہر بیٹھ کر پارٹی نہیں چلا سکتا ‘پاکستان آ کر اپنی پارٹی کو فرنٹ سے لیڈ کروں گا تو بات بنے گی‘گولی کھانی ہے تو سامنے آنا پڑیگا‘ملک میں عدالتیں حکومت کے زیر اثر ہیں‘ نواز شریف کو پانامہ لیکس میں نااہل ہونا چاہیے‘ راحیل شریف کو مدت ملازمت توسیع ملنی چاہیے اور اگر توسیع ملے تو راحیل شریف کو قبول کرنی چاہیے۔ وہ منگل کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ مشرف نے کہا عمران خان کو تیسری قوت کے طو رپر ابھرتے ہوئے دیکھا مگر کامیاب ہوتے نہیں دیکھ رہا۔ 2018ء میں ایک نئی سیاسی جماعت کے ساتھ آئوں گا۔ بھارتی ہماری مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے تو وہ غلطی پر ہے، حافظ سعید پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ صدر پاکستان رہا ہوں، ایک لسانی پارٹی کا سربراہ کیسے بن سکتا ہوں، کسی علاقائی پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا۔ متحدہ اور پی ایس پی رہنمائوں سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، میں پاکستان میں کہیں سے بھی الیکشن جیت سکتا ہوں۔ میری کوئی آف شور کمپنی یا اکائونٹ نہیں ہے، میری پوری دنیا میں کہیں بھی جائیداد نہیں ہے، مجھے این آر او کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ کالا باغ ڈیم ا ور زیادہ صوبے بنا دینے چاہیے تھے۔ کیسز سے نمٹتے ہی پاکستان آ جائوں گا کیونکہ عدالتیں بلا وجہ کیسز کو کھینچ رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن