• news

اقبال ٹائون: موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ‘ سائنس کالج کا پروفیسر جاں بحق‘ طلبہ کا احتجاج

لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹائون کے علاقہ میں بیوی کے قاتل نے مقدے کی پیروی کرنے پر اپنے ہم زلف گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ کے پروفیسر رائو الطاف حسین کو اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا۔ پولیس نے ملزم اور اسکے چار ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی جبکہ اس واقعہ پر سائنس کالج کے طلبہ نے سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈکے پروفیسر رائو الطاف جوہر ٹاؤن کے علاقہ جی او آر سوسائٹی، 157 سی میں رہائش پذیر تھے۔30 اکتوبر 2015ء میں پروفیسر رائو الطاف کی سالی تہذیب حسین کو اسکے خاوند رانا قیصر نے قتل کر دیا اور اس مقدمے کی پیروی پروفیسر رائو الطاف حسین کر رہے تھے۔ گزشتہ روز پروفیسر رائو الطاف حسین کار پر اپنی بیوی تمنا جبیں کے ہمراہ اپنے 6 سالہ بیٹے محمد لئیق کو اقبال ٹاؤن پاک بلاک میں واقع سکول چھوڑنے آئے تو اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے انکی کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے پروفیسر رائو الطاف موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کردی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے، عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے اور وہاں واقع ایک تعلیمی ادارے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی قبضے میں لے لی۔ واقعہ پر سائنس کالج کے طلبہ سراپا احتجاج بن گئے، انہوں نے وحدت روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ جس سے یہاں ٹریفک بلاک ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مقتول پروفیسر کی بیوی تمنا جبیںنے تھانہ اقبال ٹاؤن میں اپنے سابق بہنوئی رانا قیصر اور اس کے ساتھیوں عدنان، انتظار اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے کہ اس کی بہن کو اس کے خاوند رانا قیصر نے 2015 میں قتل کردیا تھا۔ جس کے تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 1256/15 کی پیروی میرے خاوند پروفیسر رائو الطاف حسین کر رہے تھے۔اس رنجش پر رانا قیصر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر میرے خاوند کو قتل کیا۔ پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔ مقتول رائو الطاف سائنس کالج میں زووالوجی ڈیپارٹمنٹ میں پروفیسر تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ کے پروفیسر کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی اور مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق تہذیب حسین کے قتل کے مقدمہ میں ڈی این اے رپورٹ ملزم رانا قیصرکے خلاف آچکی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن