• news

پاکستان کیخلاف اسرائیل‘ بھارت ایک: دفاع‘ انسداد دہشت گردی کیلئے مزید تعاون پر اتفاق

نئی دہلی(صباح نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک دفعہ پھر پاکستان کا نام لئے بغیر الزام لگایا ہے کہ بھارت کے پڑوسیوں میں سے ایک ملک دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے اسرائیلی صدر سے تفصیلی مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہی مذاکرات میں بھارت اور اسرائیل نے دہشت گردی و انتہا پسندی سے ملکر مقابلہ کرنے کیلئے باہمی تعاون کے علاوہ موجود دفاعی شراکت داری کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا دونوں رہنمائوں نے مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آبی وسائل، تعلیم اور تحقیق کے اہم شعبوں میں اپنے تعلقات کو مذید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اس موقع پر زراعت اور آبی وسائل میں تعاون کو مضبوط کرنے سے متعلق دو معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔ مودی نے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے جس کی کوئی سرحدیں نہیں اور اسکی دیگر منظم جرائم کیساتھ جڑیں ہیں۔ اسرائیلی صدرکے ساتھ مذاکرات میں دہشت گردی کیخلاف باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ بیان کے مطابق اسرائیلی صدر نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں کو دہشت گردی سے خطرہ ہے اور دونوں ملکر اس لعنت کے خاتمے کیلئے ملکر کام کریں گے۔ اسرائیلی صدر نے کہا کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون کو مذید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے اور ان کا ملک بھارت میں اور بھارت کے ساتھ دفاعی ہتھیار بنانے کیلئے تیار ہے۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی نیٹ ورک اور دہشت گردی کی حمایت اور پناہ دینے والے ممالک کیخلاف بھرپور طریقے سے کارروائی کرنی چاہیے۔ بھارتی طلبا نے نئی دہلی میں مظاہرے کرکے اسرائیلی صدر سے اپنے ملک سے چلے جانے کا مطالبہ کیا ہے- نئی دہلی میں گزشتہ روز ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ ’’امپیریل ازم مردہ باد‘‘ اور ’’فلسطین زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے اور غرب اردن اور غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت کی، نیز اسرائیلی صدر ریووین رولن سے بھارت سے چلے جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت سے اپنے تعلقات منقطع کرلے۔ مظاہرے کے شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فلسطین کے مظلوم عوام کیخلاف صیہونیوں کے جاری مظالم کا خاتمہ کرے۔ مظاہرین نے کوشش کی کہ صیہونی حکومت کے سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کریں تاہم پولیس نے مظاہرین کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔ اسرائیلی صدر ریووین رولن، بھارت کے صدر پرناب مکھرجی کی دعوت پر بھارت کے چھ روزہ دورے پر ہیں۔ بھارتی مسلمان بھی اس دورے کیخلاف جمعہ کو، نماز جمعہ کے بعد نئی دہلی میں مظاہرے کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن